پی سی ایم سی ، ماہنامہ پھول اور اکادمی ادبیات کے زیر اہتمام بچوں کے ادیبوں کی قومی کانفرنس

لاہور( شاہان علی خان سے ) پاکستان چلڈرن میگزین سوسائٹی ، ماہنامہ پھول اور اکادمی ادبیات کے اشتراک سے بچوں کے ادیبوں کی دوسری قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ قومی کانفرنس لاہور میں مئی 2017ء میں منعقد ہو گی۔ اس سلسلے میں شرکت کے خواہش مند لکھاری اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ پاکستان چلڈرن میگزین سوسائٹی کے مطابق کانفرنس میں صرف منتخب ادیب ہی شرکت کر سکیں گے جنہیں رجسٹریشن کے بعد باقاعدہ دعوت نامے جاری کئے جائیں گے ۔ کانفرنس میں ملک کی نامور ادبی شخصیات شرکت کریں گی اور اپنے مقالے پیش کریں گے ۔ کانفرنس میں مختلف ادبی شخصیات بطور مبصر بھی شریک ہوں گی ۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے رجسٹریشن فارم فیس بک پر موجود ہے لکھاری حضرات وہاں سے رجسٹریشن فارم حاصل کرکے پر کر کے اپنی دو عدد پاسپورٹ سائز تصاویر کے ہمراہ بھیج سکتے ہیں۔ کانفرنس کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس صبح 9بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گی ۔ شرکاء کیلئے چائے اور کھانے کا بندوبست بھی کیا گیا ہے ۔ شرکت کرنے والے تمام ادیبوں کو کتابوں اور خوبصورت اسناد کے تحائف دیئے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ تاہم شرکت کرنے والے ادیب کو قیام اور سفری اخراجات خود برداشت کرنے ہوں گے ۔ واضح رہے کہ بچوں کے ادیبوں کی پہلی کانفرنس کی بے پناہ پذیرائی کے بعد دوسری قومی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ لکھاریوں نے اس قدم پر پاکستان چلڈرن میگزین سوسائٹی ، ماہنامہ پھول اور اکادمی ادبیات کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اسی طرح بچوں کے ادیبوں کی تعلیم ، تفریح اور تربیت کیلئے بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے اور بچوں کے ادیبوں کی ذہنی آبیاری کرتے رہیں گے ۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.



This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.