23اپریل:عالمی یوم کتاب اور آج کا نوجوان:خصوصی رپورٹ

بچوں کو کتاب کی طرف راغب کرنے کے لئے لکھاریوں کے ساتھ ساتھ والدین کو بھی کردار ادا کرنا ہو گا

ملتان(رپورٹ: عاطر شاہین)ملک بھر میں عالمی یوم کتاب اپریل 2017ء کو منایا گیا۔یہ دن منانے کا مقصد لوگوں میں کتاب بینی کی عادت ڈالنا ہے مگر افسوس کہ نہ صرف کتاب پڑھنے کی عادت کم ہو گئی ہے بلکہ لائبریریوں کی تعداد بھی بتدریج کمی ہوتی جا رہی ہے۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کتابیں مہنگی ہونے کی وجہ سے لوگ کتابیں خرید نہ سکنے کے باعث کتاب سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔رہی سہی کسر کیبل، انٹرنیٹ اور موبائل فونز نے نکال دی ہے۔تاہم کتاب کی اہمیت اور افادیت کو بڑھانے کے لئے ہر سال 23اپریل کو کتاب کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ماہرین کہتے ہیں کہ مطالعہ قوموں کو ترقی یافتہ بنا دیتا ہے۔کتاب محبت کا پیغام اور عبادت کا ایک عمل ہے۔کتاب سے بڑھ کر سچا، بے لوث دوست اور کوئی ہو ہی ہیں سکتا۔ کتاب ذہن و فکر میں رسعت لاتی ہے بلکہ ایک فرد کو اعلیٰ انسانی صفات سے مالا مال کرتی ہے۔ماہرین کے مطابق آج کی جدید سائنس کا ترقی یافتہ منظر نامہ کتاب ہی کی مرہون منت ہے۔ایک اچھی کتاب سے زیادہ قیمتی کوئی چیز ہو ہی نہیں سکتی۔کتاب سے دوستی مستقبل کی راہیں متعین کرتی ہے مگر المیہ یہ ہے کہ آج کا نوجوان کتابوں سے دور بھاگتا ہے اور اپنا زیادہ وقت فضول کاموں میں صرف کرتا ہے۔ سو، سو روپے کے موبائل میں کارڈ تو لوڈ کر لیتے ہیں مگر چالیس پچاس روپے والی کتاب خریدنا گوارہ تک نہیں کرتے۔ اس سلسلے میں لکھاریوں کے علاوہ والدین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تب جا کر بچوں کو کتاب کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.



This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.