کامیابی کیا ہے ؟ : واجد ابرار

کامیابی کیا ہے؟

اپنے مقرر کردہ ہدف کو پوری محنت اور ایمانداری سے حاصل کر لیناکامیابی کہلاتا ہے۔کامیابی ایک پھل دار درخت کی مانند ہوتی ہے جسے پانے کے لئیے مثبت سوچ اور خوبصورت مقصدکا بیج محنت کے ذرخیز جزیرے پر بونا پڑتا ہے۔خلوصِ دل سے صبر کاپانی متواتر دینا پڑتا ہے۔ایک کامیاب انسان کی بنیادی نشانی یہ ہے کہ اس کا دل اور ضمیردونوں خوش اور مطمئین رہتے ہیں۔کامیابی کی کوئی حد نہیں ہوتی۔یہ نا تو حتمی ہوتی ہے نا ہی آخری۔اسکی تکمیل نا ممکن ہے۔زندگی میں کوئی بھی ایسا لمحہ نہیں آتا جب انسان خود کو مکمل کامیاب سمجھے۔یہ تو ایک مسلسل جاری رہنے والے سفر کا نام ہے جس میں پڑاؤ نہیں ہوتا۔بالکل ایک سیڑھی کی طرح،جہاں ایک پائدان سے دوسرے پائیدان پر پاؤں رکھا جاتا ہے۔ہمارے ہاں ایک کامیاب انسان کی عام سی تعریف یہ ہے کہ وہ معاشی طور پر مضبوط ہو،مہنگی گاڑی ،بڑا گھر اور ایک تگڑا سا بینک بیلنس اسکے پاس ہو۔کیا صرف آسائشوں کو پا لینا ہی کامیابی ہے؟؟ہر گز نہیں۔اگر ہم اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں تو ہمیں بے شمار لوگ نظر آئیں گے جنہوں نے معاشی طور پر کامیابی تو حاصل کی لیکن ساتھ ہی زندگی کے دوسرے اہم شعبوں میں بُری طرح ناکام ہوئے۔جن میں سے اخلاقیات سر فہرست ہیں۔اس ناکامی نے نہ صرف انہیں ذہنی طور پر کمزور کیا بلکہ دلی سکون اورضمیرکا اطمینان چھین لیا۔جبکہ اسی معاشرے میں ایسے لوگ بھی بستے ہیں جنہیں دن میں ۳ بار عزت کی روٹی میسر ہو نا ہو،لیکن دل کا سکون اور چہرے پر حقییقی مسکراہٹ ضرور حاصل ہوتی ہے۔اُن کا ایسے کڑے وقت میں مسکرانا بھی ایک عظیم کامیابی ہے۔بات بات پر خدا کا شکربجا لانا اور اس پر بھروسہ رکھنا اس کامیابی کا اصل راز ہے۔کامیابی کا ایک دوسرا راز کسی اچھے مقصد کے لئے دل سے محنت کرنا ہے،جو ریاکاری،خود غرصی اور لالچ سے پاک ہو۔جن لوگوں نے ساری عمر نیک نیتی سے محنت کی وہ آج ایک اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔وہ نہ صرفمعاشی طور پر مستحکم ہیں بلکہ نفسیاتی طور پر بھی مضبوط ہیں۔انہیں نہ تو خوش ہونے کے لئے کسی بڑے تہوار کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی بڑے سے بڑا صدمہ ان سے ہمیشہ کے لئے اطمینان چھین سکتا ہے۔اگر اپکے عمل سے اپکا ضمیر دل اور نفس مطمئن ہو تو اپ کامیاب ہیں ورنہ اہداف تو جرائم پیشہ افراد بھی حاصل کر لیتے ہیں۔مختصر یہ کہ دین و دنیا کے دائرے میں رہتے ہوئے خلوص دل سے کسی اچھے مقصد کے لئے تگ و دو کرناآپکو کامیاب بنا دے گا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.



This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.