آن لائن شاپنگ

آج کل آن لائن خریداری کا رجحان تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے۔ زندگی اتنی مصروف ہوتی جارہی ہے کہ اب جاب کرنے والے تو ایک طرف خواتین خانہ کے لئے بھی بازار میں خریداری کا رجحان کم ہوتا جارہا ہے، بلکہ یوں کہا جائے کہ آن لائن خریداری کا ٹرینڈ چل نکلا ہے۔
اکثر یوں بھی ہوتا ہے کہ ایک خاتون جو آن لائن خریداری کرتی ہے وہ دوسری خاتون کو بھی قائل کرتی ہے کہ میں نے فلاں فلاں آن لائن خریداری سنٹر سے کپڑوں وغیرہ کی خریداری کی ہے۔ سننے والی خاتون یہ جانے بنا کہ خریدی جانے والی پراڈکٹ کا معیار کیسا ہے خود بھی آرڈر دے دیتی ہے۔
نتیجتاً ایسی خبریں سامنے آرہی ہوتی ہیں کہ آن لائن خریداری میں فراڈ ہوگیا، دکھایا کچھ جاتا ہے ڈلیوری کسی اور چیز کی ہوتی ہے، خواتین یا جو بھی وصول کرنے والا ہو ڈلیوری بوائز سے بحث کر رہے ہوتے ہیں کہ ہم نے کسی اور پراڈکٹ کا آرڈر دیا تھا مگر یہ کوئی اور آئٹم ہے یا پھر پراڈکٹ کی کوالٹی کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ غیرمعیاری شے ڈلیور کر رہے ہو، اس پر کورئیر نمائندے واضح طور پر کہہ دیتے ہیں کہ ان کا اس میں کوئی قصور نہیں جو ڈلیور
کرنے کو دیا گیا وہ لے آئے ہیں، جو بالکل جائز وضاحت ہے کہ ان کا یا کمپنی کا کوئی قصور نہیں ہوتا۔
میری ایک جاننے والی نے کچھ کپڑے آن لائن آرڈر کیے یہ سوچ کر کہ گھر بیٹھے اچھی چیز مناسب قیمت پر مل جائے گی مگر جب کورئیر نمائندہ مطلوبہ پارسل پہنچا گیا تو کھول کر دیکھنے پر معلوم ہوا کہ کپڑے انتہائی گھٹیا معیار کے تھے اور جو برانڈ دکھائی جارہی ہے وہ صرف دکھائی جارہی ہے، بھیجی نہیں جارہی۔ظاہر ہے جب کیش آن ڈلیوری لکھا ہوگا تو پارسل پہنچنے پر پراڈکٹ بھلے ہی غیر معیاری کیوں نہ ہو پیمنٹ ہر صورت کرنی پڑتی ہے۔ خود سے دیکھ بھال کر خریداری کرنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ دیکھ بھال کر ہی کی جاتی ہے، چیز کا معیار کیسا ہے ؟ بہترین کوالٹی کی چیز بھی بہت دیکھ بھال کر ہر طرح سے تسلی کرلینے کے بعد ہی خریدی جاتی ہے مگر آن لائن خریداری میں یہ سہولت میسر نہیں ہوتی، بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ بہترین کوالٹی کی چیز بھیجی جاتی ہے ، ایسا نہیں ہے کہ ہر آن لائن شاپنگ سنٹر فراڈ ہی ہو، کچھ بہت اچھی شہرت کی حامل کمپنیاں بھی ہیں جنھوں نے اپنا نام اور ساکھ قائم کر رکھی ہے، مگر زیادہ تر آن لائن فراڈ ہی ہو رہا ہے۔ شاید ایسے ہی لوگوں کے لئے شاعر نے کہا ہے
ہیں کواکب کچھ نظر آتے ہیں کچھ
دیتے ہیں دھوکا یہ بازی گر کھلا

Facebook Comments

POST A COMMENT.



This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.