زندگی کا مقصد

ہم اپنی زندگی کے کچھ مقاصد اپنالیتے ہیں۔ چھوٹے گھر میں رہنے والا خواہش کرتا ہے کہ اس کا گھر بڑا ہو۔بائیک والے کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے پاس گاڑی ہو۔کسی کی خواہش لمبا چوڑابینک بیلنس ہوتی ہے۔کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں۔
زندگی کا کوئی نہ کوئی مقصد یاہدف ضرور ہونا چاہئے۔ اس سے زندگی متحرک نظر آتی ہے۔ ویسے بھی زندگی جاری وساری رہنے کا نام ہے اور جہد مسلسل سے عبارت ہے۔مقصد یاہدف زندگی کو زندہ رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔زندگی کو رنگین بناتے ہیں۔ کسی شاعرنے کیا خوب کہا ہے کہ
زندگی زندہ دلی کا نام ہے
مردہ دل کیا خاک جیا کرتے ہیں
بات ہو رہی تھی مقاصد یا اہداف کی جنہیں ہم تبھی حاصل کر پاتے ہیں جب ہم ان کو پا نے کے لئے کوشش کرتے ہیں ایسا نہیں ہوتا کہ خیالی پلاو ہی پکاتے رہیں۔ جب تک ہم کسی بھی مقصد یاہدف کو حاصل کر نے کی جدوجہد نہیں کریں گے ہم کیوں کر اس خواب کی تعبیر پائیں گے جو ہم دیکھ رہے ہوتے ہیں۔
خواب جو ہم دیکھتے ہیں ان کو پا نے کے لئے جہاں محنت کی اہمیت ہے وہاں مسلسل کوشش ،برداشت اور ہمت وحوصلے کی بہت اہمیت ہے۔ چیونٹی کو دیکھ لیں ہمت ہارے بغیر مسلسل محنت کرتی ہے تاکہ سخت سردی میں خوراک کی تنگی نہ ہو۔ تھامس ایڈیسن نے بلب کی ایجاد کے لئے سو تجربات کئے ان میں سے ننانوے ناکام ہوئے۔ کسی نے اس سے پوچھا کہ ان ننانوے ناکام تجربات سے اس نے کیا سیکھا؟ اس نے جواب دیا کہ میں نے ان ننانوے ناکام تجربات سے سیکھا کہ ان سے بلب ایجاد نہیں ہوسکتا۔
زندگی میں کوئی بھی مقصد یا ہدف پا نے کے لئے کوئی نہ کوئی ایسا ضرور ہوتا ہے کہ جس کی خوشی کے لئے وہ کام کیا جاتا ہے۔مثلا اولاد ماں باپ کی خوشی کے لئے ان کی بہت سی ان باتوں کو مان لیتے ہیں جس میں ان کی مرضی نہ ہو۔ ایک شوہر بیوی کو خوش کرنے کے لئے اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے کی جدوجہد کرتا ہے، اسی طرح باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بچوں کے پاس دنیا کی آسائشیں ہوں جن کو فراہم کرنا وہ خود پہ لازم کرلیتا ہے۔ اسی طرح ایک خدمت گزار بیوی کی کوشش ہوتی ہے کہ شوہر کے عیش وآرام کا خیال رکھے۔ ایک بندہ مومن اپنے مالک حقیقی کی رضا پانے کے لئے اس کے بتائے احکامات بجالانا ہی اپنی زندگی سمجھتا ہے تاکہ روز جزا وسزا اپنے رب کے حضور ناکام ونامراد نہ قرار پائے۔ جب تک محنت نہ کی جائے اور منزل مقصود کا تعین نہ ہو کامیابی کا حصول بھی ممکن نہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.



This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.